سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرزکی ہڑتال، 3 روزکیلئے اوپی ڈیز بند

ویب ڈیسک  پير 28 جنوری 2019
مطالبات منظور نہیں ہوئے تو ایمرجنسی اور وارڈز میں بھی ہڑتال کرینگے، ڈاکٹرز کی دھمکی فوٹو:فائل

مطالبات منظور نہیں ہوئے تو ایمرجنسی اور وارڈز میں بھی ہڑتال کرینگے، ڈاکٹرز کی دھمکی فوٹو:فائل

 کراچی: سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے ہڑتال کرتے ہوئے 3 روز کیلئے او پی ڈیز بند کردیں۔

ڈاکٹرز کی تنظیموں نے مطالبات کی منظوری کے لیے جناح اسپتال، سول، لیاری جنرل سمیت تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں او پی ڈیز کو مکمل طور پر بند کردیا جس کے نتیجے میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مریضوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بے یارو مددگار پڑے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔

ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے کہا کہ تنخواہوں، الاؤنسز اور ہیلتھ انشورنس میں اضافہ کے لیے احتجاج کیا جارہا ہے، سندھ کے ڈاکٹرز کو بھی پنجاب کے ڈاکٹرز کے مساوی تنخواہ اور الاؤنسز فراہم کئے جائیں، مطالبات کی منظوری کےلیے حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیا تھا لیکن سندھ حکومت نے کوئی رابطہ تک نہیں کیا، اگر تین دن میں مطالبات منظور نہیں ہوئے تو ایمرجنسی اور وارڈز میں بھی ہڑتال کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔