شفقت امانت علی کا بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر سے پابندی اٹھانے کا مطالبہ

بھارت میں اپنی پرفارمنسز کو بہت یاد کرتاہوں، شفقت امانت علی


ویب ڈیسک January 29, 2019
پاک بھارت تعلقات میں آرٹ اور شوبز انڈسٹری آسان ہدف ہوتے ہیں۔ شفقت امانت علی فوٹوفائل

نامور گلوکار شفقت امانت علی نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر سے پابندی اٹھانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں فنکار آسان ہدف ہوتے ہیں۔

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر لگی پابندی کو تقریباً3 سال ہوگئے ہیں تاہم بھارت کا فی الحال پاکستانی فنکاروں پر سے پابندی ہٹانے کا کوئی ارادہ نظر نہیں آرہا۔ اسی حوالے سے نامور پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں آرٹ اور شوبز انڈسٹری آسان ہدف ہوتے ہیں۔

گلوکار نے کہا کہ سیاسی شخصیات جانتی ہیں کہ فنکار برادری جواب نہیں دے گی لہٰذا ان پر پابندی لگادی جاتی ہے لیکن اگر سرحد پر دیکھاجائے تو دونوں ممالک کے درمیان تجارت ہورہی ہوتی ہے۔

شفقت امانت علی نے کہا کہ وہ بھارت میں پرفارمنسز کو بہت یاد کرتے ہیں، وہاں کے لوگ ہم سے بے حد پیار کرتے ہیں، بھارت میں کام کے دوران ہمیں عزت دی جاتی ہے اور ہمارے کام کو سراہا جاتاہے۔ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر سے پابندی ہٹانے کا یہ بہترین وقت ہے۔

واضح رہے کہ شفقت امانت علی بالی ووڈ میں ''متوا''،''تیرےنینا''،''اللہ واریاں''،''بن تیرے'' اور''دلدارا''جیسے مشہور گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگاچکے ہیں۔