امریکا میں زہریلی گیس سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک

گھر میں جنریٹر کے ذریعے ہیٹر چل رہا تھا اور موبائل فون چارجنگ پر تھا جس سے کاربن مونوآکسائیڈ کی شرح میں اضافہ ہوا


ویب ڈیسک February 04, 2019
ہلاک ہونے والوں میں 2 مرد اور 2 بچے شامل ہیں (فوٹو : فائل)

امریکا میں زیر تعمیر گھر میں زہریلی گیس سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں زیر تعمیر گھر سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، ہلاک ہونے والوں میں 2 مرد اور 2 بچے شامل ہیں۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں موت کی وجہ جاننے کے لیے لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

امدادی ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمارت میں جنریٹر کے ذریعے ہیٹر چلایا جا رہا تھا جب کہ ایک موبائل فون بھی چارجنگ پر لگا ہوا تھا اور یہ سب عوامل کچھ کاربن مونوآکسائیڈ کی شرح جان لیوا حد تک بڑھانے کے لیے کافی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، خاندان کا سربراہ کنسٹریکشن کمپنی میں ملازم تھا اور حال ہی میں اپنا اپارٹمنٹ چھوڑ کر کمپنی کے اس زیر تعمیر گھر میں ہی مقیم تھا۔