ن لیگ معاشی محاذ پر ہمارے لئے بارودی سرنگیں چھوڑ گئی، حماد اظہر

ویب ڈیسک  بدھ 6 فروری 2019
علیمہ خان سے کوئی رعایت نہیں ہو گی، ٹیکس نہ دینے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، وزیر محصولات فوٹو:فائل

علیمہ خان سے کوئی رعایت نہیں ہو گی، ٹیکس نہ دینے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، وزیر محصولات فوٹو:فائل

 لاہور: وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت معاشی محاذ پر ہمارے لئے بارودی سرنگیں چھوڑ گئی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں پر ٹیکس کم کرنے سے ہمارا ہدف پورا نہیں ہو رہا، ٹیلی کام سیکٹر میں بھی عوام کو عدالتی ریلیف دینے سے ٹیکس کم جمع ہورہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت معاشی محاذ پر ہمارے لئے بارودی سرنگیں چھوڑ گئی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان سے کوئی رعایت نہیں ہو گی اور ٹیکس و جرمانہ نہ دینے پر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔

وزیر مملکت برائے محصولات کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے بہت کام کی ضرورت ہے اور معیشت کا پہیہ روک کر ٹیکس اکٹھا نہیں کر سکتے، پاکستان کم ترین ٹیکس جمع کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے، ملک میں سالانہ 8000 ارب کا ٹیکس حاصل کرنے کی گنجائش ہے لیکن ہم صرف 4000 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں، تاہم اس کے لیے ٹیکس دہندگان کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے اور خوف کی بنیاد پر ٹیکس اکٹھا نہیں کرسکتے۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ بجٹ جاری خسارہ بڑا مسئلہ ہے اور بچت کو فروغ دے کر ہی خسارہ کم کر سکتے ہیں، اسمگلنگ روکنے سے بھی ٹیکس رقوم میں کافی اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔