علیم خان کی جلد ہی ضمانت ہوجائے گی خورشید شاہ

تفتیش کے بغیر ہی علیم خان  کی گرفتاری انہیں فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے، رہنما پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک February 06, 2019
وزیر اعظم کو علم ہی نہ ہو کہ گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں تو اس سے بڑا ظلم کیا ہوگا، خورشید شاہ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ علیم خان کی گرفتاری بہت بڑی بد دیانتی ہے اور ان کی جلد ہی ضمانت ہوجائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ علیم خان پنجاب کے سینئر وزیر ہیں، تفتیش کے بغیر ہی ان کی گرفتاری انہیں فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے، ان کی گرفتاری بہت بڑی بد دیانتی ہے، ان کی جلد ہی ضمانت ہوجائے گی۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ڈیل کی بجائے عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے، ناکوئی ڈیل ہورہی ہے نا ہی ڈھیل، ہماری آخری دم تک کوشش ہو گی یہ نظام چلے، یہ نظام نہیں چلے گا تو بہت خطرناک ہو گا، اگر وزیر اعظم کو یہ علم نا ہو کہ گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں تو اس سے بڑا ظلم کیا ہوگا، اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے سے صوبوں اور وفاق میں نئی جنگ چھڑ جائے گی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں اپوزیشن کے ساتھ اسپیکر اسد قیصر کا بھی کریڈٹ ہے، قائمہ کمیٹیاں پارلیمنٹ کی بہت بڑی طاقت ہوتی ہیں، قائمہ کمیٹیوں کی 6 ماہ کی تاخیر بڑی زیادتی ہے، جب حکومت اپوزیشن میں اتفاق ہو گیا تو حکومت نے کہا ابھی ان کے ارکان کے نام ہی فائنل نہیں ہوئے، حکومت کی حالت یہ ہے کہ قائمہ کمیٹیوں کے لیے اس کی تیاری ہی نہیں تھی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ منی بجٹ پیش کر کے منظور کرنے میں تاخیر ملک کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے، تاریخ میں ملکی معیشت کے ساتھ ایسا گھناؤنا مذاق نہیں ہوا، رعایتوں کا اعلان کر کے نافذ نہ ہونے سے ملکی معاشی سرگرمیاں رک گئی ہیں۔