ویل ڈن پاکستان کرکٹ ٹیم

سیریز میں پاکستان نے باولنگ ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں ویسٹ انڈیز سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔


Editorial July 25, 2013
ویسٹ انڈیز کی ٹیم قدرے کمزور کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن انھیں ہوم گرائونڈ پر ہرانا آسان کام نہیں تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے جیت لی جب کہ ایک میچ ٹائی ہوگیا تھا۔ سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کوکھیلنے کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 243 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان نے آخری اوور میں یہ ہدف حاصل کر کے پانچ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ پانچ میچوں کی اس سیریز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں جیت ان کا مقدر بنی۔

ویسٹ انڈیز میں سیریز جیتنا یقیناً ایک کارنامہ ہے' گو ویسٹ انڈیز کی ٹیم قدرے کمزور کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن انھیں ہوم گرائونڈ پر ہرانا آسان کام نہیں تھا' ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کرس گیل، براو، ڈیرن سامی، سموئیل اور پولارڈ جیسے کھلاڑی موجود تھے۔ ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانگی سے پہلے پاکستانی ٹیم کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ شاید وہ کامیابی حاصل نہ کر سکے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے تمام قیاس آرائیوں اور افواہوں کا خاتمہ کردیا ہے' اس سیریز میں پاکستان نے باولنگ ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں ویسٹ انڈیز سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بہرحال پاکستانی کھلاڑیوں کی کئی خامیاں اور کمزوریاں بھی کھل کر سامنے آئیں، جن کو دور کیا جائے تو ٹیم زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اب سب سے زیادہ توجہ پاکستان میں کرکٹ کو واپس لانے پر دینی چاہیے۔ جب تک پاکستان میں کرکٹ نہیں ہوگی ، کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر ہوگی نہ ان کا مورال بلند ہوگا۔ پاکستان کے کھلاڑی بڑے ناساگار حالات میں بیرون ملک کرکٹ کھیل رہے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، ویل ڈن پاکستان کرکٹ ٹیم۔