عدالت کا فیصلہ حق اورسچ کی فتح ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  جمعرات 14 فروری 2019
اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ایک مرتبہ پھر ہم پر کرم فرمایا، شہبازشریف (فوٹو : فائل)

اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ایک مرتبہ پھر ہم پر کرم فرمایا، شہبازشریف (فوٹو : فائل)

لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عدالت کا فیصلہ حق اورسچ کی فتح ہے، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایک مرتبہ پھر ہر الزام میں سرخرو ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جس پر سابق وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ عدالت کا فیصلہ حق اورسچ کی فتح ہے، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ایک مرتبہ پھر ہم پر کرم فرمایا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت منظور کرلی

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں اپنی والدہ ، بڑے بھائی نواز شریف , اپنے خاندان اور پاکستان کے عوام اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن کا بے حد شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اپنی دعاؤں اور محبتوں میں مجھے یاد رکھا اور میری ہمت بندھاتے رہے، اپنے وکلاء کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے شبانہ روز محنت اور جذبے سے مقدمہ تیار کیا اور اس کی پیروی کی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایک مرتبہ پھر ہر الزام میں سرخرو ہوں گے، ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب الزام تراشیوں اور سیاسی انتقام کے بادل چھٹ جائیں گے، قوم اس دن کے منتظر ہیں جس دن نواز شریف ایک مرتبہ پھر ان میں ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔