وزیر اعظم سیٹزن پوٹل پر شکایات حل ہوئے بغیر نمٹائی جانے لگیں

پاکستان سیٹزن پورٹل کے تحت دی گئی درخواست پر ’ڈن‘ کا اسٹیٹس ظاہر ہورہا ہے لیکن کام کچھ نہیں ہوا۔


ویب ڈیسک February 15, 2019
پاکستان سیٹزن پورٹل کے تحت دی گئی درخواست پر ’ڈن‘ کا اسٹیٹس ظاہر ہورہا ہے لیکن کام کچھ نہیں ہوا۔ فوٹو: فائل

وزیر اعظم سیٹزن پوٹل پر آنے والی شکایات حل ہوئے بغیر نمٹائی جانے لگیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی مرحوم ملازمین کے بچوں کو مستقل کیے جانے کا معاملہ حل کیے بغیر ہی نمٹادیا۔

ایکسپریس کے مطابق متعدد محکمے شکایات کو حل کیے بغیر اسے نمٹانے کا اعلان کردیتے ہیں حالانکہ وہ مسئلہ حل نہیں ہوتا اور یہی کام سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی کیا ہے۔ وزیر اعظم فیملی اسسٹنٹ پیکیج کے تحت مرحوم ملازمین کے بچوں کو مستقل نہ کرنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایچ آر نے پاکستان سیٹزن پورٹل کے ذریعے موصولہ درخواست پر عمل درآمد کی بجائے معاملہ ایوی ایشن ڈویژن کو بھیج دیا جس کے بعد پورٹل کے ذریعے درخواست دینے والا مرحوم ملازم کا بیٹا مزید پریشان ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان سیٹزن پورٹل کے تحت دی گئی درخواست پر 'ڈن' کا اسٹیٹس ظاہر ہورہا ہے لیکن کام کچھ نہیں ہوا۔ درخواست گزار کے مطابق وزیر اعظم فیملی اسسٹنٹ پیکیج کے تحت موحوم ملازمین کے بچوں کو مستقل نہ کرنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، درجنوں ایسے ملازمین ہیں جن کے والدین کی وفات کے بعد ان کے بچوں کو ملازمت دینی چاہیے تھی مگر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس پر عمل درآمد کے بجائے کیس ہی گم کر دیا۔

جب تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ درخواست کو ایوی ایشن اتھارٹی کے بجائے ایوی ایشن ڈویژن بھجوا دیا گیا ہے جو اس پر عمل درآمد کرنے کا مجاز ہی نہیں۔ اس سلسلے میں جب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فیملی اسسٹنٹ پیکیج کو ریوائز کرنے کے لیے متعلقہ فورم کی منظوری درکار ہے، سول ایوی ایشن کے شعبہ ایچ ار نے اس پر کام شروع کر دیا ہے جلد ہی اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔