پیراگون اسکینڈل؛ خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 فروری 2019
نیب نے خواجہ برادران کو گزشتہ سال 11 دسمبر کو گرفتار کیا تھا، فوٹو: فائل

نیب نے خواجہ برادران کو گزشتہ سال 11 دسمبر کو گرفتار کیا تھا، فوٹو: فائل

 لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کردی ہے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون اسکینڈل کی سماعت کی، فاضل جج کے استفسار پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ 90 روز پورے ہونے تک پیراگون کیس کا ریفرنس پیش کر دیا جائے گا۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو جلد ریفرنس پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک کی توسیع کردی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں آپ نے پکڑ لیا ہے لیکن کسی کی عزت کا خیال تو ہونا چاہیے، حکومت جو کر رہی ہے وہ درست نہیں، ہمیشہ ان کی حکومت نہیں رہنی۔ شہباز شریف کی ضمانت ایک خوش آئند فیصلہ ہے۔ بہت جلد ہم دونوں بھائی درخواست ضمانت دائر کرنے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے خواجہ برادران کو گزشتہ سال 11 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔