ایرانی صدر کی خلیجی ممالک کو قیام امن کیلیے مل کر کام کرنے کی پیشکش

مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے امریکا اور اسرائیل نہیں بلکہ صرف مسلم ممالک کردار ادا کرسکتے ہیں، حسن روحانی


ویب ڈیسک February 18, 2019
مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے صرف مسلم ممالک کردار ادا کرسکتے ہیں۔ حسن روحانی فوٹو : فائل

ایرانی صدر حسن روحانی نے خطے میں قیام امن کے لیے تمام خلیجی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر حسن روحانی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے کبھی بھی خطے میں شدت اور تناؤ پیدا نہیں کیا اور اب بھی ایران قیام امن کے لیے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

ایرانی صدر نے سعودی عرب کا نام لیے بغیر کہا کہ خطے میں امن کے لیے ہم مسلم ممالک ہی کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں اور اگر کوئی ملک امریکا اور اسرائیل کو خطے میں امن کی ضمانت سمجھتا ہے تو وہ غلطی پر ہے، امریکا اور اسرائیل مشرق وسطیٰ میں طاقت کے توازن میں بگاڑ پیدا کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کے ایرانی جوہری توانائی معاہدے سے دستبرداری کے بعد اقتصادی پابندیاں عائد کرنے پر ایران کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقبول خبریں