نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک  بدھ 20 فروری 2019
سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا فوٹو:فائل

سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا فوٹو:فائل

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔

آغا سراج درانی کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل سے گرفتار کرکے نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کر دیا گیا۔ سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر اپنے حلقے میں ترقیاتی فنڈز میں خرد برد کا بھی الزام ہے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق آغا سراج درانی کو نیب ہیڈکوارٹرز کے انٹیلی جنس ونگ اور نیب راولپنڈی کی معاونت سے گرفتار کیا گیا۔

نیب ٹیم نے گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد سراج درانی کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا اور راہداری ریمانڈ کی درخواست کی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آغا سراج درانی کا تین دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں تین دن میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: آف شور کمپنی کیس؛ نیب نے علیم خان کو گرفتار کرلیا

احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لینے کے بعد سراج درانی کو نیب کراچی کے حوالے کیا جائے گا۔ نیب کراچی نے آغا سراج درانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے گزشتہ سال اپریل میں آغا سراج درانی اور سندھ اسمبلی کے سیکرٹری غلام محمد کے خلاف  غیر قانونی تقرریوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔