انٹر میں داخلوں کیلیے فارم آج سے جاری ہونگے

68 بوائزکالجز،65 گرلز،11بوائزہائر سکینڈری اسکولزاور 14 گرلز میں داخلے ہونگے


Staff Reporter July 31, 2013
پلیسمنٹ فارم حاصل اورجمع کرانے کی آخری تاریخ 19اگست مقررکی گئی ہے. فوٹو: فائل

ڈائریکٹر جنرل کالجزاور چیئرمین مرکزی داخلہ پالیسی کمیٹی2013 نے کراچی کے سرکاری کالجوں میں گیارہویں جماعت میں داخلوں کیلیے پلیسمنٹ فارم بمع بروشرکا اجرا آج (بدھ) سے کرنے کااعلان کیا ہے۔

پلیسمنٹ فارم حاصل اورجمع کرانے کی آخری تاریخ 19اگست مقررکی گئی ہے اس مقصد کیلیے مرکزی داخلہ کمیٹی نے میزان بینک کراچی شہر کی 41شاخیں منتخب کی ہیں، مرکزی داخلہ پالیسی2013 کے تحت کراچی کے133کالجز 68 بوائز اور 65 گرلز اور 25 ہائر سیکنڈری اسکولز11بوائزاور 14گرلز میں داخلے دیے جائیں گے، ڈائریکٹر جنرل کالجز اور چیئرمین مرکزی داخلہ پالیسی کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار نے بتایا کہ طلبہ وطالبات پلیسمنٹ فارم بمع بروشر میزان بینک کی شاخوں سے60 روپے کے عوض بغیرکسی دستاویزدکھائے حاصل کرسکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے طلبہ و طالبات کے رجحان کو دیکھتے ہوئے اس سال مختلف کالجز میں پری انجیئنرنگ بوائز، پری میڈیکل گرلز،کامرس بوائزاور گرلز کی نشستوں میں اضافہ کیاگیا ہے۔



جس کے مطابق پری انجیئنرنگ بوائز میں2130،پری میڈیکل گرلز میں 2520، کامرس بوائز میں1880اور کامرس گرلز میں 2130 نشستیں بڑھائی گئی ہیں،گزشتہ سالوں کے طلبہ و طالبات کے رجحان اور تعدادکودیکھتے ہوئے اس سال مختلف کالجز میں پری انجینئرنگ گرلز، پری میڈیکل بوائز، آرٹس بوائز اورگرلزکی نشستوں میں کمی کی گئی ہے جس کے مطابق پری انجینئرنگ گرلز میں945 نشستیں، پری میڈیکل بوائز میں850، آرٹس گرلز میں2900 اورآرٹس بوائزمیں1050نشستیں کم ہوگئی ہیں، نشستوں میں کمی کا فیصلہ ان فیکلٹیز میں نشستیں خالی رہ جانے کی وجہ سے کیا ہے.

ڈائریکٹر جنرل کالجز و چیئرمین مرکزی داخلہ پالیسی کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصارکے مطابق گزشتہ سال تقریباً 83000 طلبہ وطالبات کو مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت داخلے دیے گئے تھے، اس سال مختلف فیکلٹیز میں داخلوں کے لیے 103480نشستیں رکھی گئی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 100015تھی۔