سعودی وزیر خارجہ ولی عہد کا خصوصی پیغام لے کر پاکستان آئیں گے

ویب ڈیسک  جمعرات 28 فروری 2019
ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہم امن و امان کے داعی ہیں، شاہ محمود قریشی: فوٹو: فائل

ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہم امن و امان کے داعی ہیں، شاہ محمود قریشی: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر ولی عہد محمد بن سلمان کا اہم پیغام لے کر پاکستان آئیں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اورکابینہ نے بہترین خارجہ پالیسی اپنانے، کشیدہ صورتحال میں بہترین سفارتکاری پروزارت خارجہ کومبارکباد پیش کی، ہم توپہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہم امن و امان کے داعی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ رات ان کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی، سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا جسے ہم نے خوش آمدید کہا، وزیر خارجہ عادل الجبیر کل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اہم پیغام لے کر پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت تنازع کے خاتمے کے لیے کردار کریں گے، صدر ٹرمپ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم صدرڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، مجھے خوشی ہے کہ صدرٹرمپ نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے مداخلت کا فیصلہ کیا ہے اورامریکا کی مداخلت خطے میں امن و امان کے لئے مددگارثابت ہو سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔