بھارت کا پاکستان سے 20 مطلوب افراد کی حوالگی کا مطالبہ

آصف محمود  ہفتہ 2 مارچ 2019
زیادہ تعداد خالصتان تحریک سے جڑے سکھ رہنماؤں کی ہے فوٹو:فائل

زیادہ تعداد خالصتان تحریک سے جڑے سکھ رہنماؤں کی ہے فوٹو:فائل

 لاہور: پاکستان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی اور امن کی پالیسی کو بھارتی حکومت نے پاکستان کی کمزوری سمجھتے ہوئے تعلقات کی بحالی کے لیے ڈو مور کا مطالبہ کردیا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان سے 20 مفرور افراد کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے جن میں زیادہ تعداد خالصتان تحریک سے جڑے سکھ رہنماؤں کی ہے۔ بھارت کی طرف سے پاکستان کو 20 مفرور افراد کی ایک فہرست دی گئی ہے جس میں خالصتان تحریک سے جڑے اہم رہنما شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کردیا گیا

بھارت کی طرف سے فراہم کی گئی لسٹ میں ببر خالصہ کے رہنما ودھاوا سنگھ، خالصتان زندہ باد تحریک کے رہنما سردار رنجیت سنگھ، خالصتان کمانڈو فورس کے رہنما سردارپرم جیت سنگھ پنجوار اور انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن کے رہنما لکھبیر سنگھ اور ہیپی سنگھ  کے نام شامل ہیں۔

بھارت یہ الزام لگاتا رہا ہے کہ پاکستان خالصتان تحریک کے سرپرستی کررہا ہے جبکہ پاکستان نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جن افراد کی فہرست پاکستان کودی گئی ہے ان میں سے کوئی بھی سکھ رہنما پاکستان میں موجود نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔