یمن میں حکومتی فورسز اور باغیوں کی جھڑپ میں 5 بچے جاں بحق

گھروں اور محلے میں کھیلنے والے بچے حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کی جھڑپ کی زد میں آگئے


ویب ڈیسک March 05, 2019
جھڑپ کی زد میں آکر 10 سے زائد بچے زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

یمن میں اتحادی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے دوران گولہ باری کی زد میں آکر 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یونیسیف نے یمن میں حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کی جھڑپ کے دوران اندھی گولی کا نشانہ بن کر 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔ یہ بچے اپنے گھروں میں کھیل رہے تھے۔

یونیسیف کی ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فریقین کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جنوبی حدیدہ میں کہیں کہیں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ واقعے میں جھڑپ کی زد میں آکر 5 بچے جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔

جنوبی حدیدہ میں طبی امداد فراہم کرنے والے مراکز نے عالمی خبر رساں ادارے کو بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 10 سے زائد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں 2015 سے جاری خانہ جنگی میں 20 ہزار سے زائد شہری اپنی جانوں سے گئے جب کہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ مسلسل جھڑپوں اور گولہ باری کے باعث کئی لاکھ افراد بے گھر ہوگئے۔