بھارت میں آئی فون کے پرزوں کی فیکٹری میں دم گھٹنے سے تین مزدور ہلاک

تینوں مزدور ایک چار رکنی ٹیم کا حصہ تھے


ویب ڈیسک November 10, 2026

بھارت میں آئی فون کے پرزے بنانے والی ٹاٹا فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج سے دم گھٹنے سے 3 مزدور ہلاک ہوگئے.

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آئی فون کے پرزے تیار کرنے والی ٹاٹا الیکٹرونکس کی فیکٹری میں افسوسناک حادثے کے نتیجے میں تین مزدور ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق مزدور فیکٹری کے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں مرمتی کام کے دوران زہریلی گیس کی زد میں آگئے، جس کے باعث ان کا دم گھٹ گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کے مطابق حادثہ  ریاست تامل ناڈو کے ضلع کرشن گیری میں واقع شہر ہوسور کے قریب ونیّاپورم میں پیش آیا۔

ایک مزدور ٹینک میں بے ہوش ہوا، بچانے والے دو ساتھی بھی جان سے گئے.

حکام کے مطابق تینوں مزدور ایک چار رکنی ٹیم کا حصہ تھے جو فیکٹری کے فضلے کو صاف کرنے والے پلانٹ میں دیکھ بھال اور مرمت کا کام کر رہی تھی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک مزدور نینو فلٹریشن ٹینک کے اندر دیکھنے کے لیے جھکا تو زہریلی گیس کی زد میں آکر بے ہوش ہوگیا۔ اسے بچانے کے لیے دوسرا ساتھی ٹینک میں داخل ہوا، لیکن وہ بھی گیس کے باعث بے ہوش ہوگیا۔ اس کے بعد تیسرے مزدور نے دونوں کو بچانے کی کوشش کی تو وہ بھی متاثر ہوکر گر پڑا۔