پاکستانی ویمنز نے ورلڈ ٹی 20 ٹرافی پر نگاہیں مرکوز کرلیں
مسلسل 12میچ جیت کرحوصلے بلند ہیں، بنگلہ دیش میں شیڈول میگا ایونٹ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں گے, کھلاڑیوں کا عزم
زیادہ بہتر کارکردگی کے لئے عالمی سطح پرزیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ کھلاڑیوں کی رائے فوٹو: فائل
پاکستانی ویمنز نے ورلڈ ٹی 20ٹرافی پر نگاہیں مرکوز کرلیں، کوالیفائرز میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر فاتح قرار پانے والی ٹیم ہفتے کی صبح وطن واپس پہنچ گئی۔
نین عابدی، رابعہ شاہ ،جویریہ ودود ،جویریہ معروف، سمعیہ صدیق اور بیٹنگ کنسلٹنٹ باسط علی کراچی ایئرپورٹ پر اترے،کپتان ثنا میر، نائب بسمہٰ معروف، ندا رشید، اسماویہ اقبال، سعدیہ یوسف، ناہیدہ بی بی، سیدہ بتول فاطمہ نقوی،قانیتہ جلیل، ارم جاوید، جویریہ رؤف، منیجر عائشہ اشعر اور کوچ محتشم رشید کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور آمد ہوئی، وہاں شائقین کرکٹ اور پی سی بی کے عہدیداروں نے شاندار استقبال کیا، اس موقع پر پلیئرز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ عہدے سے استعفیٰ دینے والے باسط علی نے ایئر پورٹ پر میڈیا کے ساتھ بات چیت سے گریز کیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر کے کپتان ثنا میر سے اختلافات کی اطلاعات زیرگردش ہیں۔ یاد رہے کہ ایونٹ کا فائنل میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے گرین شرٹس کو سری لنکا کے ساتھ مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا، ٹیم نے آئندہ سال مارچ میں بنگلہ دیش میں شیڈول ورلڈ ایونٹ میں بھی جگہ بنالی ہے۔

دریں اثنا کپتان ثنا میر نے کامیابی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہر پلیئر نے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرکے فتوحات میں اہم کردار ادا کیا، تاریخ میں پہلی بار پاکستان نے انگلینڈ کو اسی کی سرزمین پر ہرایا۔ انھوں نے کہاکہ قومی ٹیم نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھائی جس سے مورال میں اضافہ ہوا، یہ قوم کی کامیابی ہے،کوشش ہوگی کہ کھیل کا معیار مستقبل میں بھی برقرار رکھیں، اچھی پریکٹس اورٹورزملتے رہے تو ورلڈٹی ٹوئنٹی بھی جیت کر آئینگے۔ اہم سنگ میل کے حصول پر مسرور کوچ محتشم رشید نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم عالمی ایونٹ میں بھی کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھے گی، زیادہ بہتر کارکردگی کے لئے عالمی سطح پرزیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ کھلاڑیوں نے کہاکہ مسلسل 12میچ جیت کرحوصلے بلند ہیں، بنگلہ دیش میں شیڈول میگا ایونٹ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔