آصف زرداری کیخلاف منی لانڈرنگ کیس منتقلی کی نیب درخواست پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک  پير 11 مارچ 2019
آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنے پر اعتراض اٹھادیا فوٹو:فائل

آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرنے پر اعتراض اٹھادیا فوٹو:فائل

 کراچی: بینکنگ عدالت نے آصف زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

کراچی کی بینکنگ عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی تو عبوری ضمانت پر موجود سابق صدر آصف علی زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور، حسین لوائی، طحہ رضا، نمر مجید، ذوالقرنین مجید اور دیگر ملزمان پیش ہوئے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے پر اعتراضات دائر کردیے۔

اس کے جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں منتقل کیا جا رہا ہے اور چیئرمین نیب بھی اس کی منظوری دے چکے ہیں، لہذا ملزمان کے اعتراضات بلا جواز ہیں۔

آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کررہا ہے اور دباؤ ڈالنا چاہتا ہے۔

عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ پہلے دائرہ اختیار طے کریں گے پھر کیس آگے بڑھائیں گے، 15 مارچ کو کیس اسلام آباد منتقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ سنائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔