وزیراعظم نے ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کی سمری روک دی

ویب ڈیسک  جمعرات 14 مارچ 2019

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب محمد سرور کو اراکین اسمبلی پنجاب کی تنخواہوں کی سمری پر دستخط کرنے سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی سمری روکنے اور گورنر پنجاب کو سمری پر دستخط نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مراعات سے متعلق بل دوبارہ ایوان میں لانے کا کہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی کو دی گئی لائف ٹائم مراعات کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، وزیر اعلی کو پوری زندگی کے لئے گھر دینے کا فیصلہ مناسب نہیں۔ وزیراعظم نے لائف ٹائم مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپراظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے وزیراعلی، وزراء اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اورمراعات میں اضافے کے فیصلے سے بہت مایوس ہوا ہوں، اس طرح کے فیصلوں کا کوئی دفاع نہیں کیا جاسکتا، عوام کوبنیادی ضرورتوں کی فراہمی تک فیصلہ نامناسب ہے، ملک میں خوشحالی ہوتو اس طرح کے فیصلوں کاجواز بھی بنتا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پاکستان میں آن لائن ویزا کا اجراکردیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور کیا تھا جس کے تحت اراکین اسمبلی کی تنخواہ اورمراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے تک کر دی گئی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کی تنخواہ اور مراعات وزیر اعظم سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔