سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 6 ہوگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 مارچ 2019
محمد امین ناصر تویشناک حالت میں آئی سی یو میں زیرعلاج ہے، ترجمان دفتر خارجہ : فوٹو: فائل

محمد امین ناصر تویشناک حالت میں آئی سی یو میں زیرعلاج ہے، ترجمان دفتر خارجہ : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے سانحہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گرد حملے کے بعد شہید اور لاپتہ پاکستانیوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق 6 پاکستانی شہید ہوگئے اور 3 لاپتہ ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں دہشتگردی کے دوران 9 پاکستانی لاپتہ ہوئے۔ ان میں ذیشان رضا اوران کے والد و والدہ، محبوب ہارون ،سہیل شاہد، سید اریب احمد، سید جہانداد علی، نعیم راشد اورطلحہ نعیم شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کے حکام نے ان میں سے 6 افراد کی شہادت کی تصدیق کردی ہے جن میں سہیل شاہد، سید جہانداد علی، سید اریب احمد، محبوب ہارون، نعیم راشد، ان کا بیٹا طلحہ نعیم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تین پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں جن میں ذیشان رضا اور ان کے والد و والدہ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ پولیس کے مطابق واقعے میں مجموعی طور پر 74 افراد لاپتہ ہیں اور ان کے پاس 49 میتیں ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ہمارا سفارتی مشن مزید تفصیلات لے رہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کرائسٹ چرچ فائرنگ؛ نعیم راشد ہیرو قرار

نیوزی لینڈ کے میڈیا نے نعیم راشد کو ہیرو قرار دیا ہے۔ نعیم راشد حملہ آور دہشت گرد سے مزاحمت کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے اور بعد میں انہوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزکرائسٹ چرچ کی دو مساجد پرفائرنگ کرکے 49 معصوم مسلمانوں کو شہید کرنے کے واقعے کے دوران پاکستانی شہری نعیم راشد نے بھی  اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کردی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔