عید الفطر کی آمد کارٹون کریکٹر غباروں اور کھلونوں کی فروخت بڑھ گئی

کھلونا غبارے،فوائل بلون،واٹر بال، پلاسٹک و ربڑ کے کھلونے،کارٹون ، پھلوں اور سبزیوں کی مشابہت کے کھلونے بچے پسند۔۔۔


Ehtisham Mufti August 08, 2013
ایک دکان میں کارٹون کریکٹرز کی اشکال کے غبارے اور کھلونے رکھے ہوئے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: عیدالفطر کے سیزن میں کارٹون کریکٹر، مختلف پھل وسبزیوں کی مشابہت کے کھلونا غباروں اور واٹربال کی فروخت عروج پر ہے۔

ان غباروں کے علاوہ ہلکے پی وی سی پلاسٹک ربڑ سے تیار ہونے والے کم قیمت کھلونوں، فوائل بیلونز کی فروخت بھی دوگنی ہوگئی ہے،لیاقت آباد میں ''غبارہ گلی'' کے نام سے مشہور اسٹریٹ میں ریٹیلرز، پتھاریداروں اور پھیری لگانے والوں کا رش بڑھ گیا ہے جو عیدالفطر کے سیزن میں ربڑکے غباروں، فوائل بیلونز، پلاسٹک کارٹون کریکٹربیلونز اور کم قیمت پلاسٹک کھلونوں جن میں جھنجنے، پلاسٹک کی پستول، ربڑکی گیند، کوئل سیٹیاں ودیگر مصنوعات کی خریداری کررہے ہیں، غبارہ گلی کے ایک کھلونا بیلون مرچنٹ محمد طفیل نے بتایا کہ پورے سال میں ان کا سیزن صرف ماہ رمضان کے دوسرے عشرے سے شروع ہوجاتا ہے جو چاند رات تک جاری رہتا ہے، اس کاروبار سے انتہائی کم آمدنی کے حامل شہر کے ہزاروں افراد وابستہ ہیں کیونکہ یہ کاروبار صرف 500 روپے سے شروع کیا جاسکتا ہے۔



غبارہ گلی سے شہر کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے چھوٹے دکاندار، ریڑھی والے، پھیری لگانے والے اور سگنلز پر فروخت کرنے والے کم عمر بچوں کی ایک بڑی تعداد خریداری کرتی ہے، بیوپاری محمد عتیق نے بتایا کہ غبارہ گلی میں مضافاتی علاقوں کے ان دکانداروں کی آمد بھی زیادہ ہوتی ہے جو عیدالفطر کے موقع پر بچوں کی لاٹری کے لیے پیکٹس بنواتے ہیں ان پیکٹس میں مختلف کارٹوں کریکٹر کے غباروں کے علاوہ نقلی کرنسی نوٹ، کم قیمت پستول، چھنجنے، نقلی موبائل فونز، پلاسٹک یا ربڑگیندیں، کوئل سیٹی وغیرہ کو باقاعدہ ایک شیٹ پر سجایا جاتا ہے۔

عید کے موقع پر سستے کھلونوں میں چائلڈ کارڈ گیم کے سیٹس بھی دستیاب ہیں جوخوردہ سطح پر8 تا 10 روپے میں فروخت کیے جاتے ہیں، غبارہ گلی میں فروخت ہونے والے کھلونوں کی خوردہ قیمتیں 5 روپے تا 50 روپے ہیں جسے کم آمدنی کا حامل طبقے کے بچے عیدالفطر کے موقع پر خریدتے ہیں، معروف کارٹون کریکٹرزکے حامل 150 اقسام کے غبارے بھی دستیاب ہیں جو اس تھوک مارکیٹ غریب پھیری والے یا چھوٹے دکاندار انتہائی سستے داموں خرید کراس میں معمولی ویلیوایڈیشن کرکے 10 روپے سے60 روپے کے درمیان فروخت کرتا ہے۔

مقبول خبریں