مولانا نورانی کی ہمشیرہ ڈاکٹرفریدہ احمد صدیقی انتقال کرگئیں

نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر حضرت عبداﷲ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی جائیگی


Staff Reporter August 08, 2013
نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر حضرت عبداﷲ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی جائیگی

جمعیت علمائے پاکستان کے سابق سربراہ مولانا شاہ احمد نورانی کی ہمشیرہ اورسابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرفریدہ احمد صدیقی76 سال کی عمرمیں انتقال کرگئیں۔

وہ طویل عرصے سے علیل تھیں اور علاج کیلیے مقامی اسپتال میں داخل تھیں، بدھ کو علی الصباح ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اورخالق حقیقی سے جاملیں، ان کی نماز جنازہ جمعرات کوبعد نماز ظہر حضرت عبداﷲ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں اداکی جائے گی، مولانا جمعیت علمائے پاکستان کی سپریم کونسل کے رکن مولانا جمیل احمد نعیمی امامت کریں گے، ڈاکٹر فریدہ احمد صدیقی نے سوگواروں میں ان کے شریک حیات سابق رکن اسمبلی محمد احمد صدیقی، 2صاحبزادے اور ایک صاحبزادی شامل ہیں، ڈاکٹر فریدہ28 جون1935کو بھارت کے شہر میرٹھ میں پیدا ہوئیں، انھوں نے 1958 میں پوسٹ گریجویٹ کیا، ویمن اسلامک مشن کی سربراہ کے علاوہ مختلف اسلامی اور تعلیمی اداروں سے وابستہ رہیں۔



انھوں نے ایک بھرپور زندگی گزاری جس کے دوران انھوں نے مختلف ممالک کے دورے کیے اور رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئیں، اسلامک یونیورسٹی انٹرنیشنل کی چانسلر ڈاکٹر فریدہ احمد صدیقی2002 کے عام انتخابات میں مجلس عمل کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں، وہ اسلامی نظریاتی کونسل کی رکن بھی تھیں، ویمن اسلامک مشن نامی تنظیم کی روح رواں تھیں، سندھ زکوۃ کونسل اور جنرل مشرف کے دور میں حدود آرڈیننس کے تنازع کے حل کیلیے قائم کی گئی کمیٹی کی رکن بھی رہیں، فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیتی تھیں، ہر سال دو درجن سے زائد اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتی تھیں۔

کشمیر میں زلزلے اور سیلاب کے دوران متاثرین کی امداد میں اہم کردار ادا کیا ،متحدہ علما محاذ پاکستان کے بانی وسیکریٹری جنرل مولانامحمدامین انصاری، چیئرمین مفتی محمداسلم نعیمی، صدر علامہ مرزایوسف حسین، مولاناانتظارالحق تھانوی، علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، محمد شکیل قاسمی ودیگر نے قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی کی ہمشیرہ ،مبلغ اسلام علامہ شاہ عبدالعلیم صدیقی کی صاحبزادی اور سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر فریدہ احمدصدیقی انتقال پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کی دعاکی ہے۔