راولپنڈی: شہری کو اغوا کرکے رقم لینے والا پولیس اہلکار دو ساتھیوں سمیت گرفتار

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے فوری انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر اہلکار کو گرفتار کرواکے مقدمہ درج کرادیا


اسٹاف رپورٹر August 05, 2026

راولپنڈی:

راولپنڈی پولیس اہلکار کو شہری کو مقدمے میں پھانسنے کی دھمکیاں دے کر بھتہ لینا مہنگا پڑگیا، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے فوری انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر اہلکار کو گرفتار کرواکے مقدمہ درج کرادیا۔

حکام  کے مطابق شہری نے شکایت کی کہ پولیس اہلکار اور اسکے دو ساتھیوں نے مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر اغوا کیا اور رقم لے کر چھوڑ دیا، شہری کی شکایت پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے نوٹس لیا اور کانسٹیبل محسن ضیاء اور اسکے دو پرائیویٹ ساتھیوں کو انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر سی پی او آفس سے گرفتار کر کے، ملزمان کے خلاف اغوا اور بھتہ خوری کا مقدمہ درج کرلیا، پولیس اہلکار تھانہ چکلالہ میں تعینات تھا۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال قطعاً برداشت نہیں، پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنے کردار اور فرائض کی انجام دہی میں محتاط ہونا ہوگا،  بدعنوانی یا کسی شہری کے ساتھ ظلم و زیادتی پر زیرو ٹالیرنس ہے۔