چیمپئنز لیگ فیصل آباد کی شرکت پر سیاہ بادل چھا گئے

بھارتی ہٹ دھرمی، پاکستانی ڈومیسٹک ٹیم کے ویزوں کیلیے کارروائی ابتدائی مراحل میں ہی تعصب کا بریک لگا دیاگیا۔


Sports Reporter August 09, 2013
اسپورٹس کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے۔فوٹو:فائل

فیصل آباد کی چیمپئنز لیگ میں شرکت پر سیاہ بادل چھا گئے،بھارتی ہٹ دھرمی ایک بار پھر کھیل کے میدان میں کود پڑی، سرحدوں پر کشیدگی کا نزلہ کرکٹ پر گرایا جانے لگا۔

پاکستانی ڈومیسٹک ٹیم کے ویزوں کیلیے کارروائی پر ابتدائی مراحل میں ہی تعصب کا بریک لگا دیا گیا، پی سی بی ذرائع نے سیاسی اختلافات میں اسپورٹس کو ہدف بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس رجحان کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے ہمیشہ سیاسی کشیدگی کا غصہ کھیلوں پر اتارنے کی روش برقرار رکھی ہے، ممبئی حملوں کے بعد سے آئی پی ایل سمیت مختلف ایونٹس سے پاکستانی کرکٹرز کو مسلسل باہر رکھا جا رہا ہے، ہاکی لیگز میں شرکت کیلیے جانے والے کھلاڑیوںکو بغیر کھیلے ہی واپس بھجوانے کا فیصلہ کردیا جاتا ہے، ورلڈ کپ کے بعد پاکستان ٹیم نے گزشتہ سال ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کیلیے بھارت کا دورہ کیا تو امید تھی کہ اب دو طرفہ تعلقات میں برف پگھلنا شروع ہو جائے گی۔

ڈومیسٹک چیمپئن فیصل آباد وولفز ٹیم کو ٹوئنٹی 20چیمپئنز لیگ میں شرکت کی دعوت ملنے کے بعد کرکٹرز کی آئی پی ایل میں شمولیت کیلیے بھی راہ ہموار ہونے کی توقع کی جارہی تھی، لیکن سرحدوں پر کشیدگی سے بھارت کو ایک نیا بہانہ ہاتھ آگیا، حکومت کی طرف سے پونچھ سکیٹر میں 5 جوانوں کی ہلاکت کا الزام دھرے جانے کے بعد انتہا پسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن پر چڑھائی کردی تو بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی تعصب کا تیر چلانے میں پیچھے رہنا مناسب نہ سمجھا۔ ایک بھارتی اخبار کے مطابق بی سی سی آئی نے فیصل آباد وولفز کے کھلاڑیوں کے ویزوں کے سلسلے میں ہونے والی ابتدائی کارروائی میں رخنہ ڈال دیا ہے۔



ٹیم کو مصباح الحق کی قیادت میں 17ستمبر سے شروع ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ کے3میچز کھیلنا ہیں، اس مرحلے میں کامیابی کی صورت میں6اکتوبر تک شیڈول ایونٹ کے دیگر میچز میں بھی شرکت کا موقع ملتا لیکن بی سی آئی نے ویزوں کے اجرا کیلیے کاغذی کارروائی ابتدائی مراحل میں ہی روک دی، بورڈ کے ایک آفیشل نے اس تعصبانہ اقدام اٹھائے جانے کی تصدیق کردی ہے۔ یاد رہے کہ ہرزہ سرائی میں خاص مہارت رکھنے والے بھارتی میڈیا میں پاکستانی ٹیم کی شرکت مشکوک ہونے کے حوالے سے مختلف خبریں اسی وقت شائع ہونے لگی تھیں جب فیصل آباد وولفز نے کوالیفائی کیا تھا، خدشہ ہے کے سیاسی تعلقات میں بہتری نہ آئی تو پاکستانی ٹیم کی شرکت ممکن نہیں رہے گی۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کھیلوں کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے، سرحدوں کی کشیدگی کا نزلہ کرکٹ پر گرانا کسی طور بھی درست اقدام نہیں ہے، اس رجحان کی حوصلہ شکنی کی جانا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں بی سی سی آئی سے رابطہ کرکے معاملات آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ فیصل آباد وولفز کی ایونٹ میں شرکت ممکن ہوسکے اور کھیلوں کے تعلقات میں بحالی کا سفر متاثر نہ ہو۔