یوم پاکستان کی تقریب میں اسکول کی چھت گرنے سے 6 بچے، خاتون ٹیچر جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مارچ 2019
اسکول میں 23 مارچ اور رزلٹ کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ فوٹو:ٹوئٹر

اسکول میں 23 مارچ اور رزلٹ کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ فوٹو:ٹوئٹر

گوجرانوالا: کشمیر روڈ پر نجی اسکول میں یوم پاکستان کی تقریب کے دوران خستہ حال چھت گرنے سے 6 کم سن طلبہ اور خاتون ٹیچر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

گوجرانوالہ میں کشمیر روڈ پر کے ٹی ماڈل اسکول کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ اور ٹیچر شدید زخمی ہوگئے۔

امدادی کارکنوں اور موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر بچوں کو اسپتال منتقل کیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 6 بچے اور ایک استانی جاں بحق ہوگئی جبکہ 16 افراد زخمی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں 23 مارچ اور رزلٹ کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

پولیس نے اسکول کے پرنسپل سعید اور ایک کلرک کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا کہ اسکول کی چھت پہ ٹینٹ لگائے گئے تھے جس کے لیے چھ انچ کے کیل ٹھونکے گئے جس سے چھت کمزور ہوگئی، پھر بارش بھی ہوئی جس کے باعث ٹینٹ بھاری ہوگئے، بچوں کے دیوار سے ٹیک لگانے اور ہوا چلنے پر خستہ ہال دیوار گرگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔