سرفراز احمد کی بیٹے کے ہمراہ گلی میں کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

سرفراز احمد نماز عصر کے بعد اپنے بیٹے عبداللہ سرفراز کے ہمراہ گلی میں کرکٹ کھیل رہے تھے


ویب ڈیسک March 24, 2019
پی ایس ایل میں شاندار کامیابی کے بعد سرفراز احمد کو ریسٹ دیا گیا ہے۔ فوٹو : ویڈیو گریب

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی اپنے بیٹے عبداللہ کے ہمراہ گلی میں کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیوٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں پی ایس ایل 4 کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کے ہمراہ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ' کچھ عرصے پہلے تک ان ہی گلیوں میں، میں کرکٹ کھیلا کرتا تھا اور اب ماشااللہ میرے بیٹے کی باری ہے۔



سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفراز نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'نماز عصر کے بعد کچھ یوں ہو رہا ہے آج کل۔' سرفراز احمد کی اپنے بیٹے کے ہمراہ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور صارفین نے باپ بیٹے کے کوالٹی ٹائم گزارنے اور انداز کرکٹ کی تعریف کی۔



معروف صحافی سلیم خالق نے لکھا کہ عبداللہ مستقبل کا کرکٹ اسٹار ہے، اسی طرح دیگر صارفین نے بھی عبداللہ سرفراز کی ہمت افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ کراچی کی سڑکوں پر نماز عصر کے بعد کرکٹ کھیلنا ایک دلچسپ اور پر جوش عمل ہوتا ہے اور ان گلی محلوں سے کرکٹ کے بڑے نام سامنے آئے ہیں جن میں سرفراز احمد بھی شامل ہیں۔