پاکستان بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کا ذمے دارنہیں سلمان بشیر

ہمارے ہاں درجنوں لوگ مر رہے ہیں لیکن ہم نے کبھی اس کا الزام بھارتی یا کسی دوسرے ملک پر نہیں لگایا۔ سلمان بشیر


INP August 13, 2013
ہمارے ہاں درجنوں لوگ مر رہے ہیں لیکن ہم نے کبھی اس کا الزام بھارتی یا کسی دوسرے ملک پر نہیں لگایا۔ سلمان بشیر ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنرسلمان بشیر نے بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید کی جانب سے بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی ذمے داری کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان بھارتی فوجیوںکی ہلاکت کا ذمے دار نہیں۔

بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو پاکستا ن کی پالیسی میں ترجیحی حیثیت حاصل ہے۔ پیر کو بھارتی ٹی وی چینلز کو دیے گئے ا نٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکا رہے۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو پاکستا ن کی پالیسی میں ترجیحی حیثیت حاصل ہے۔ بھارتی فوج کے ڈی جی ملٹری آپریشنز نے 6اگست کو ہاٹ لائن پر رابطے کے دوران اپنے پاکستانی ہم منصب کو 5بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں نہیں بتایا ۔ دونوں اطراف سے ڈی جی ایم او نے ہاٹ لائن پر کافی دیر بات کی ۔ مجھے بتایا گیا کہ اس دوران بھارت کی جانب سے اس وقت تک ایل اوسی پر کسی بھی خلاف ورزی کا تذکرہ نہیں کیا گیا ۔اس لیے مجھے یہ لگتا ہے اس واقعے کو واقعہ بنانے میں منصوبہ بندی کے تحت کا م کیا گیا ۔

تاہم میں اس کی تخصیص کسی پر ڈالنا نہیں چاہتا۔ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی باتیں بعد میں سامنے آئیں۔ پاکستان میں دہشت گردی کے بہت زیادہ واقعات ہو رہے ہیں اور ہم ان میں زیادہ مبتلا ہیں، ہمارے ہاں درجنوں لوگ مر رہے ہیں لیکن ہم نے کبھی اس کا الزام بھارتی یا کسی دوسرے ملک پر نہیں لگایا۔ بھارت کو پہلے 6 اگست کے واقعے کی تحقیقات کرنی چاہئیں تھیں۔ بھارتی حکام نے ایسا کر نے سے پہلے ہی پاکستان پر الزام عائد کر دیا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام حافظ محمد سعید کے نظریات جانتے ہیں اور حافظ سعید پاکستان یا پاکستانی عوام کی ہرگز نمائندگی نہیں کرتے۔

ہم اس بات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کبھی اپنی سر زمین کسی کو بھی دہشت گردی کے مقاصد یا دوسرے ممالک پر حملوں کے لیے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔ پاکستانی فوج یا اس کا کوئی یونٹ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت میں ہرگز ملوث نہیں۔ سلمان بشیر نے کہا کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے کارروائی جاری ہے اور ان کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے۔ ملزمان کے خلاف کارروائی نہ ہو نے کا بھارتی الزام غلط ہے۔ عوام کے جذبات کو نہیں ابھارنا چاہیے۔