یوم آزادی عمارتوں اور شاہراہوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا

حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی عدنان احمد اورنشاط قادری نے شہریوں میں سیکڑوں قومی پرچم،جھنڈیاں اور بیجز تقسیم کیے


Staff Reporter August 14, 2013
یوم آزادی کے سلسلے میں این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبا ریلی کے دوران طویل قومی پرچم کی نمائش کررہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے 66 ویں یوم آزادی کے موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کی جانب سے شاہ فیصل کالونی میں سرکاری عمارتوں اور اہم شاہراہوں کو قومی پرچموں ، استقبالیہ بینروں اور برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی منظور عباسی اور میونسپل کمشنر کمال مصطفی کے ہمراہ شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل کالونی نمبر2 پر جشن آزادی کے سلسلے میں قائم استقبالیہ کیمپ کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے عوام میں سیکڑوں کی تعداد میں قومی پرچم، جھنڈیاں اور بیجز تقسیم کیے،شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان لاتعداد قربانیوں اور لازوال جد وجہد کے نتیجے میں حاصل ہوا ، اس ملک کو بنانے اور اسے سنوارنے میں ہمارے آبائو اجداد اور نوجوانوں کا لہو شامل ہے ، انھوں نے شہریوں سے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے آیئے، اس موقع پر ہم سب مل کر عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوںکا اپنے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر غلام رسول کی ہدایت پر بلدیہ ملیر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے میونسپل سروسز کے عملے کی تعطیلات منسوخ کردیں،ہنگامی بنیادوں پربرساتی نالوں کی صفائی کا آغاز اورشکایتی مراکز 24گھنٹے کیلیے فعال کردیے گئے ہیں، حق پرست رکن صوبائی اسمبلی عدنان احمد نے گلشن اقبال کے رہائشیوں میں سیکڑوں کی تعداد میں قومی پرچم، جھنڈیاں اور بیجز تقسیم کیے،ایم پی اے انجینئرعدنان احمد نے سرکاری عمارتوں ،شاہراہوں اور گلیوں میں قومی پرچم اور برقی قمقموں لگانے کے کام کا معائنہ کیا۔



دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر نے14اگست کوبلدیہ ملیر کے مرکزی دفتر میں ہونی والی تقریب کے حوالے سے کیے جانے اقداما ت کاجائزہ لیا اور ضروری ہدایت دی ، میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر طلعت محمود نے 14 اگست کی تقر یب کے حوالے سے کہا کہ صبح 7بج کر58 منٹ پر پرچم کشائی کی جائے گی اور قومی ترانہ پیش کیا جائے گا۔

جس میں اسکول کے بچے ، ٹیچرز اور اسکائوٹس کے رضاکار اور بچوں کے والدین بڑی تعداد میں شرکت کریں گے، رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے کہا ہے کہ برسات کی تباہ کاریوں سے عوام کو محفوظ بنانے کیلیے ندی نالوں کے ا طراف قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ ممکن بنایا جائے ،ان خیالات اظہار انھوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی عمران اسلم کے ہمراہ برساتی پانی کی نکاسی اور سیوریج لائن کی صفائی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ،انھوں نے موقع پرموجود شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیہ غربی کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ،میونسپل کمشنر وسطی آفاق سعید نے اجلاس کے دوران افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ رین ایمرجنسی کے دوران الرٹ رہاجائے ،کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔