کراچی:
جماعت اسلامی کے تحت پیٹرولیم لیوی کم نہ کرنے پر آج ملک بھر میں چار مقامات پر دھرنے جاری ہیں، کراچی میں جماعت اسلامی کا مارچ گورنر ہاؤس تک پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے خلاف امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں جماعت اسلامی کا احتجاجی مارچ گورنر ہاؤس کراچی پہنچ گیا، پولیس نے گورنر ہاؤس سے قبل ہی کنٹینر لگا کر راستہ روکا ہوا ہے، گورنر ہاؤس کے باہر پولیس کی اہلکاروں کی بھاری نفری موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں دھرنے کا 15 روز کا شیڈول بھی تیار کر لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات کے باعث گورنر ہاؤس کو جانے والے راستے عام ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے شاہراہوں پر کنٹینر لگا دیے ہیں۔ میٹروپول، پی آئی ڈی سی ودیگر شاہراہوں پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں اور اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے اور پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے پولیس نے مزاکرات کیے اور کنٹینر ہٹانے کی درخواست کی، جماعت اسلامی کے کارکنان گورنر ہاؤس کے باہر سڑک پر بیٹھ گئےامیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی جس کے بعد مارچ کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔
ریلی کے شرکاء اور پولیس آمنے سامنے آگئے، شرکاء نے نعرے بازی کی،۔ پولیس، آر آر ایف کمانڈوز اور لیڈی پولیس گورنر ہاؤس کے اطراف موجود رہے
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گورنر ہاؤس کے قریب پہنچے ہیں گورنر ہاؤس کے دروازے تک بھی پہنچیں گے، پاکستان کے گورنر ہاؤسز پر دھرنوں کا آغاز ہوگیا ہے، چاروں ہیڈکوارٹرز پر عوام کا جم غفیر ہے، پیٹرولیم پر لیوی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں گورنر ہاؤسز کے باہر جبکہ لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور پہنچیں گے، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ تاریخی مارچ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور پہنچیں گے اور دھرنا دیں گے۔ پنجاب کے نوجوانوں سے کہتا ہوں نکلو اور اپنے حق کے لیے ڈٹ جاؤ، ہمارا کوئی ذاتی مفاد نہیں، ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمارے مطالبات واضح ہیں، بھتہ لیوی ختم کرو، پٹرول کی قیمت کم کرو۔
انہوں نے کہا کہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں گورنر ہاؤسز پر بھی عوام کا سمندر اُمڈے گا۔ پورا پاکستان ان دھرنوں کی پشت پر کھڑا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ ہفتے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں مسلسل اضافے کے خلاف ملک بھر میں 500 سے زائد مقامات پر احتجاج کیا تھا۔