ڈاکٹرز کا نوازشریف کا ایم آر آئی اور ایم آر اے کرانے کا فیصلہ

لندن میں نوازشریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹر لارنس سے رابطے میں ہیں، ذاتی معالج نواز شریف


ویب ڈیسک April 02, 2019
لندن میں نوازشریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹر لارنس سے رابطے میں ہیں، ذاتی معالج نواز شریف۔ فوٹو : فائل

ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر ایم آر آئی اور ایم آر اے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا آج ایک بار پھر شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ لیے گئے، ڈاکٹرز نے جدید مشین کے ذریعے ایکو کارڈیو گرام کیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے جسم میں خون کے بہاؤ میں رکاوٹ پائی گئی جب کہ گردن اور دماغ کو خون کی پوری مقدار میں فراہمی نہیں ہورہی، ایسی صورت میں مریض کی گردن کے بالائی حصوں اور دماغ کو خون کی 43 فیصد فراہمی متاثر ہونا خطرناک ہوسکتا ہے، طبی لحاظ سے یہ مریض کو سنگین ہارٹ اٹیک ہونے کی علامت تصور ہوتی اس لیے خطرے کے پیش نظر نوازشریف کا ا ایم آر آئی اور ایم آر اے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذاکٹرز کے مطابق نوازشریف کے گردوں کو خون کی فراہمی بھی متاثر پائی گئی، گردوں میں پتھری کی تشخیص کے لئے سی ٹی کب، چھاتی اور ریڑھ کی ہڈی کا سی ٹی سکین بھی کیاجائے گا، اس کے ساتھ ساتھ کل لاہور کے نجی اسپتال میں ایم آرآئی اور ایم آر اے اور بعض دیگر ٹیسٹ ہوں گے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں نواز شریف کو لاحق تمام بیماریوں کی تشخیص کی جائے گی، نوازشریف کے علاج پر کتنا وقت صرف ہوگا، ابھی کہنا قبل ازوقت ہوگا تاہم لندن میں نوازشریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹر لارنس سے رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر عدنان کے مطابق نواز شریف کے گردوں کی تکلیف میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے جب کہ ان کے لندن میں موجود ذاتی معالج ڈاکٹر لارنس سے بھی مشاورت کی جارہی ہے۔