حیدرآباد میونسپل کمشنر اور ٹی ایم او سٹی کی معافی قبول وارنٹ گرفتاری معطل

افسران نے عدالت کو بتایا کہ یونین کونسل نمبر15 کی بلدیاتی صورتحال کو بہتر بنا دیا گیا ہے۔


Numainda Express August 26, 2012
میونسپل کمشنر اور ٹی ایم او سٹی کی معافی قبول کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور مقدمے کی سماعت7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال سے متعلق مقدمے میں غیر حاضری پر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے میونسپل کمشنر اور ٹی ایم او سٹی کی معافی قبول کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور مقدمے کی سماعت7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ حیدرآباد شہر کی یونین کونسل نمبر 15 کے رہائشی طارق قریشی نے علاقے میں کچرے کے ڈھیر اور دیگر بلدیاتی امور کی ناقص صورتحال سے متعلق فاضل عدالت میں درخواست دی تھی جس پر عدالت نے دونوں بلدیاتی افسران کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر کے متعلقہ پولیس کو انہیں گرفتارکر کے پیش کرنیکا حکم دیا تھا۔

سماعت کے موقع پر دونوں افسران پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت سے غیر حاضری پر معافی طلب کی، انھوں نے عدالت کو بتایا کہ یونین کونسل نمبر15 کی بلدیاتی صورتحال کو بہتر بنا دیا گیا ہے جسکے بعد عدالت نے سماعت 7 ستمبر تک کیلیے ملتوی کر دی۔