مولویوں نے ملک کو فرقہ وارانہ بنیاد پر تقسیم کردیا شیخ وقاص

یہ قوم آگے بڑھے گی، عارف علوی، عوام غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں، حاصل بزنجو


Monitoring Desk August 15, 2013
مسائل بڑھ رہے ہیں، سلیم صافی، ٹودی پوائنٹ میں شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

ن لیگ کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان میں ہر مکتبہ فکر نے حصہ لیا، 1947 میں علیحدہ وطن کے قیام کے بعد پاکستان نہ تو فلاحی اور نہ ہی اسلامی مملکت بن سکا۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام ''ٹو دی پوائنٹ'' کے میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگوکر تے ہوئے انھوں نے کہا کہ مولویوں نے ملک کو اسلامی ریاست بنانا تھا مگر انھوں نے لوگوں اور ملک کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کر دیا، تمام پارٹیاں اس پرمتفق ہیںکہ دہشتگردی کا ناسورختم ہونا چاہیے، فوج اور حکومت میں اس بارے میںکوئی اختلاف نہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا اس قوم کا بچہ بچہ محب وطن ہے۔ قوم میں کار خیرکا جذبہ بہت زیادہ ہے، یہ قوم آگے بڑھے گی۔



نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے کہا کہ عوام پہلے دن سے امن، استحکام اور غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں، سوال یہ ہے کہ ہم اپنا رویہ بدلیں گے یا نہیں، لالچ اور جہالت نے ہمیں اس حال کو پہنچایا ہے۔ فوج نے پہلی بارکہا ہے کہ دہشتگردی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اب سیاسی قیادت اور فوج کو مل کر لڑنا ہوگا۔ تجزیہ نگار سلیم صافی نے کہا حکومت اور فوج کے درمیان جس اتفاق رائے کی توقع کر رہے تھے وہ نظر نہیں آ رہا ۔ دہشتگردی کے عوامل کو حل نہیں کیا گیا۔ ہم قوم کو1947 کی فضا سے نہیں نکال سکے۔ افغانستان سے امریکی فوج کے جانے کے بعد صورتحال مزیدگمبھیر ہوگی اور مسائل بڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔