کراچی ایئرپورٹ پر خواتین کے بیگز سے 3 کروڑ روپے کے ممنوعہ انجیکشن برآمد

2 خواتین سمیت 4 مسافروں نے 3 کروڑ سے زائد مالیت کے 11 ہزار 160 ممنوعہ انجکشن اسمگل کرنے کی کوشش کی۔


ویب ڈیسک April 08, 2019
ملزمان قطرایئرلائن کے ذریعے ساؤتھ افریقہ سے براستہ دوحہ کراچی آئے تھے۔ ۔فوٹو: فائل

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2 خواتین سمیت 4 افراد کے بیگز سے 3 کروڑ سے زائد مالیت کے ممنوعہ ہارمونز انجیکشن برآمد ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلیجنس اینڈا نویسٹیگیشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرکامیاب کارروائی کے دوران3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کےمویشیوں کے دودھ دینے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے والے ممنوعہ ہارمونزانجیکشن قبضے میں لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قطرایئرلائن کے ذریعے ساؤتھ افریقہ سے براستہ دوحہ کراچی آنے والی دو خواتین سمیت 4 مسافروں نے 3 کروڑ سے زائد مالیت کے 11 ہزار 160 ممنوعہ انجکشن اسمگل کرنے کی کوشش کی، تاہم ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلیجنس کو اس حوالے سے مصدقہ اطلاع موصول ہوگئی اور ان کی ہدایت پر ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ٹیم نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایرائیول پر کھڑے صدرالدین نامی ایک شخص کے پاس موجود 4 بیگز کی تلاشی لی تو ان میں سے 3 کروڑ 30 لاکھ روپےمالیت کے ممنوعہ انجیکشن برآمد ہوئے، بیگ پر لگے ٹیگ پر سیدہ عزیزہ اورمحمد صدیق، فاطمہ بی بی کے نام درج تھے۔ کسٹمزانٹیلی جنس نے انجیکشن قبضے میں لیتے ہوئے ملزمان میں شامل سیدہ عزیزہ ،محمد صدیق، فاطمہ بی بی اور حماد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

واضح رہے کہ امپورٹ ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ مجریہ1950 کے تحت ممنوعہ انجیکشن پاکستان میں درآمدکرنے کی اجازت نہیں ہے۔