مولانا فضل الرحمان کی نواز شریف سے ملاقات، حکومت مخالف تحریک پر بات چیت

ویب ڈیسک  منگل 9 اپريل 2019
 ملاقات میں نیب کیسز سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع. فوٹو : فائل

ملاقات میں نیب کیسز سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع. فوٹو : فائل

 لاہور: مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں حکومت مخالف تحریک کے ابتدائی خدوخال پر بات چیت کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان رائے ونڈ میں ملاقات ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کی صحت سے متعلق دریافت کیا جس پر سابق وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن کو اپنے علاج کے بارے میں بتایا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، نیب کیسز سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ حکومت مخالف تحریک کے ابتدائی خدوخال پر بات چیت بھی کی گئی، اس کے علاوہ مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کو آصف زرداری سے ملاقات کا احوال بھی بتایا۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے، نواز شریف سے اس بارے میں گفتگو کی گئی اور عوام کامستقبل بہتر کرنے کیلئے کیا کیا جاسکتا اس پرغور کیاگیا، اب آصف زرداری سے بھی آج یا کل ملاقات کرکے ان امور پر بات چیت ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ملک میں عمران خان کی نہیں بلکہ پس پردہ قوتوں کی حکومت ہے، فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جعلی اور خلائی وزیراعظم ہیں، ملک میں عمران خان کی حکومت نہیں ہے بلکہ ان کے پیچھے موجود قوتیں اپنے ادارے کی طاقت کے بل بوتے پر کب تک عمران خان کو کھینچتی ہیں، اس پر ان کا انحصار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف سے مولانا فضل الرحمن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا جس میں دونوں رہنماؤں نے آج ملاقات پر اتفاق کیا تھا، ٹیلیفونک گفتگو میں مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف سے صحت دریافت کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔