پاکستان نے 2200 سکھ  یاتریوں کو ویزے جاری کردیئے

بھارتی سکھ یاتریوں کو 12 سے 21 اپریل تک کا ویزا جاری کیا گیا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر


ویب ڈیسک April 09, 2019
سکھوں کو ویزا دینے کا پاکستانی اقدام مذہبی، ثقافتی ہم آہنگی کا مظہر ہے، پاکستانی ہائی کمشنر (فوٹو: فائل)

پاکستان نے بیساکھی میلہ کے لیے 2200 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے بیساکھی میلہ کے لیے 2200 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیئے، سکھ یاتری 12 سے 21 اپریل تک بیساکھی کی تقریبات کے لیے پاکستان آسکیں گے، اس حوالےسے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

یہ پڑھیں: حکومت نے بیساکھی میلہ شیڈول کی منظوری دیدی

پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کا کہنا ہے کہ بھارتی سکھ یاتریوں کو 12 سے 21 اپریل تک کا ویزاجاری کیا گیا ہے، بھارتی سکھ یاتری 12 اپریل کو واہگہ کے راستے پاکستان آئیں گے جب کہ بھارت کےعلاوہ دیگر ممالک سے بھی سکھ یاتریوں کو ویزے دیئے گئے ہیں اور پاکستان کا یہ اقدام مذہبی، ثقافتی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیساکھی میلے میں شرکت کرنے والا بھارتی سکھ نوجوان لاپتہ

واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باوجود وفاقی حکومت نے خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلہ 2019ء کے شیڈول کی منظوری دی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلے کی تیاریوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے سکھ یاتریوں کے قیام کے ساتھ ساتھ علاج و معالجہ اور سفری سہولیات کی مفت فراہمی کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔