شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف نیب کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

نیب نے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی اپیل آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز کیس میں کی ہے


ویب ڈیسک April 12, 2019
کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 18 اپریل کو کرے گا (فوٹو: فائل)

نیب نے شہباز شریف کی آشیانہ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانت منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جسے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف نیب کی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 18 اپریل کو کرے گا، جسٹس مقبول باقر اور جسٹس اعجاز الاحسن تین رکنی بینچ کا حصہ ہوں گے۔

نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی اپیل آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز کیس میں کی ہے جب کہ نیب نے فواد حسن فواد کی بھی آشیانہ اسکیم میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی ہے جو شہباز شریف کے خلاف کیس کی سماعت کے ساتھ ہی منظور کی گئی ہے۔