اولڈ سٹی ایریا کے تاجر اپنا کاروبار دوسرے علاقوں میں منتقل کرنے لگے

گزشتہ7، 8ماہ سے کساد بازاری اور مندی نے تاجروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے


Business Reporter August 27, 2012
علاقے میں بااختیار اور غیرجانبدار پولیس افسران تعینات کرکے یومیہ بنیادوں پر کارکردگی مانیٹر کی جائے، تاجروں کا مطالبہ

اولڈ سٹی ایریا میں کاروبار عید کی تعطیلات کے بعد بھی معمول پر نہ آسکا، تاجروں نے اولڈ سٹی ایریا سے کاروبار دیگر علاقوں میں منتقل کرنا شروع کردیا ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ دکانوں کی قیمت گرنے کے باوجود کوئی خریدار نہیں، علاقے میں بااختیار اور غیرجانبدار پولیس افسران تعینات کرکے یومیہ بنیادوں پر کارکردگی مانیٹر کی جائے تاکہ مسلسل بدامنی کے شکار اولڈ سٹی ایریا کے تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے، اولڈ سٹی ایریا ٹریڈرز الائنس کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ کے مطابق اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں کو تحفظ دینے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، خوف کے عالم میں کاروبار کرنا ناممکن نظر آتا ہے۔

گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سنجیدگی کے ساتھ اس طرف سوچیں اور اولڈ سٹی ایریا کے تھانوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور پولیس کو مکمل اختیارات دیے جائیں تاکہ وہ اولڈ سٹی ایریا میں امن قائم کر سکیں، ان خیالات کا اظہار آل کراچی تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین اور اولڈ سٹی ٹریڈرز الائنس کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ رمضان میں تاجروں کو ہونے والا منافع تو ایک طرف بلکہ وہ اپنا مسلسل ہونے والے نقصانات بھی پورے نہ کرسکیں، صرف اولڈ سٹی ایریا کے بازار بدامنی کے سبب چند ماہ کے دوران 10ارب سے زائد کا نقصان اٹھاچکے ہیں۔

گزشتہ7، 8ماہ سے کساد بازاری اور مندی نے تاجروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے اور شہر میں ہونیوالی مسلسل ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے، دوسرے شہروں سے آنیوالے تاجر خوف کے عالم میں اولڈ سٹی ایریا کا رخ نہیں کررہے جس سے تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، اگر حکومت نے اب بھی اس جانب توجہ نہ دی تو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اولڈ سٹی ایریا مکمل طور پر تباہی کی طرف چلا جائے گا۔