افغان سپریم کورٹ نے صدر اشرف غنی کی مدت صدارت میں توسیع کردی

ویب ڈیسک  اتوار 21 اپريل 2019
اشرف غنی کی مدت صدارت 22 مئی کو ختم ہونی تھی (فوٹو : فائل)

اشرف غنی کی مدت صدارت 22 مئی کو ختم ہونی تھی (فوٹو : فائل)

کابل: افغان سپریم کورٹ نے الیکشن کے انعقاد اور نئے صدر کے انتخاب تک صدر اشرف غنی کی مدت صدارت میں توسیع کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق  صدر اشرف غنی کی مدت صدارت 22 مئی کو ختم ہونی تھی جس کے لیے ملک میں صدارتی الیکشن 20 اپریل کو کروانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ملکی صورت حال اور افغان امن مذاکرات کے باعث انعقاد ممکن نہیں ہوسکا تھا۔

افغان الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں بتایا کہ پارلیمانی الیکشن کے انعقاد کے باعث صدارتی الیکشن کی تیاری کے لیے وقت نہیں مل سکا، الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کے لیے 20 اپریل کے بعد پہلے 20 جولائی اور اب 28 ستمبر کی تاریخ دی ہے۔

افغان سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملک کو درپیش خارجی و داخلی حالات اور معاشی بحران کا ادراک ہے اور الیکشن کمیشن پر کام کا دباؤ کا بھی احساس ہے اس لیے صدر اشرف غنی کو صدارتی الیکشن ہونے تک ذمہ داری نبھاتے رہنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے صدر اشرف غنی کی مدت صدارت 22 مئی کو ختم ہونے کے بعد سے نگراں صدر مقرر کرنے کی تجویز پیش کی تھی جو الیکشن کروا کر نئے صدر کو ذمہ داریاں منتقل کردے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔