میشا شفیع کا لکس اسٹار ایوارڈ سے اپنا نام نکالنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
میشا شفیع کا گیت ’میں‘ لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 میں بہترین گیت کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹوفائل

میشا شفیع کا گیت ’میں‘ لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 میں بہترین گیت کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹوفائل

 لاہور: ماڈل و گلوکارہ میشا شفیع نے جنسی ہراسانی کے باعث رواں سال ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈ سے اپنی نامزدگی اور گانے کا نام نکالنے کا مطالبہ کردیا۔

میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں لکس اسٹائل ایوارڈ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ایسی  دنیا چاہتی ہوں جہاں شوبز کی صنعت میں خواتین محفوظ ہوں ، اور اگر وہ آواز اٹھائیں تو اُن کی آواز سنی جائے نہ کہ خود خواتین کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے۔

https://twitter.com/itsmeeshashafi/status/1120608427586330624

میشا شفیع نے یہ بھی کہا کہ لکس اسٹائل ایوارڈ کا بائیکاٹ ہماری کامیابی پر اثرانداز نہیں ہوگا اور جو بہادر خواتین اس بائیکاٹ کے حق میں ساتھ ہیں اُن کو دیکھ کر ایسا لگتا کہ ہم ایک دن اپنا مقصد ضرور پورا کریں گے جب کہ میرا گیت ’میں‘ ایک اعلیٰ مقصد کے لئے لکھا گیا ہے  اور میں نے یہ گیت اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت میں لکھا۔

گلوکارہ نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میرا گیت ’میں‘ لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 میں بہترین گیت کے لئے نامزد ہوا ہے لہذا میری  گزارش ہے کہ میرا نام اور میرا گیت نامزدگی کی فہرست سے خارج کردیا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: جنسی ہراسانی ہرجانہ کیس ؛ تاخیری حربے استعمال کرنے پر میشا شفیع پر جرمانہ

واضح رہے کہ میشا شفیق نے معروف گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نے انہیں کئی بار ہراساں کیا تھا۔جس کے بعد سے دونوں شخصیات کے درمیاب قانونی جنگ جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔