لاہور کے دارالامان سے 2 لڑکیاں فرار ہوگئیں

دارالامان انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے 2 دن کے بعد لڑکیوں کو داتا دربار سے دوبارہ پکڑ لیا۔


ویب ڈیسک April 26, 2019
پولیس نے دارالامان سپرنٹنڈنٹ مصباح کے بیان پر دونوں لڑکیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ فوٹو:فائل

شمائلہ اور روبینہ نامی لڑکیاں دارالامان کی دوسری منزل سے رسیوں کے ذریعے اتر کر بھاگ گئیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور کے دارالامان سے دو لڑکیاں بھاگ کر داتار دربار پہنچ گئیں تاہم دارالامان انتظامیہ نے پولیس کی مدد دونوں لڑکیوں کو دوبارہ پکڑ لیا۔

دارالامان انتظامیہ کے مطابق شمائلہ اور روبینہ نامی لڑکیاں کافی عرصے سے دارالامان کی دوسری منزل پر رہائش پذیر تھیں، دن بھر کمرے کا دروازہ بند رہنے پر دارالامان کی خاتون اسٹاف کو تشویش ہوئی اور انہوں نے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تاہم کسی نے دروازہ نہ کھولا۔ انتظامیہ کے چند افراد نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو لڑکیاں کمرے میں موجود نہیں تھیں، اور باتھ روم کی دیوار ٹوٹی ہوئی تھی جب کہ دوپٹوں چادروں سے بندھی رسی موجود تھی جس سے پتہ چلا کہ لڑکیاں رات کے اندھیرے میں اس رسی نما دوپٹہ سے لٹک کر نیچے اتر گئیں اور دارالامان سے فرار ہوگئی ہیں۔

دارالامان انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے 2 دن کی تگ و دو کے بعد لڑکیوں کو داتا دربار سے دوبارہ پکڑ لیا اور پولیس نے دارالامان سپرنٹنڈنٹ مصباح کے بیان پر دونوں لڑکیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔