بھارتی سرکاری ایئرلائن کے سافٹ ویئر نظام میں خرابی 115 پروازیں معطل

سافٹ ویئر سسٹم کی خرابی دور کرنے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں، ترجمان ایئرلائن


ویب ڈیسک April 27, 2019
سافٹ ایئر کے چیک ان سسٹم میں خرابی کے باعث ہزاروں مسافروں ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔ فوٹو : فائل

بھارت کی سرکاری ایئرلائن ایئر انڈیا کے سافٹ ویئر میں بڑی خرابی کے باعث دنیا بھر میں 115 پروازیں معطل ہوگئیں جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر پھنس گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی سرکاری ایئرلائن کے سافٹ ویئر میں خرابی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک 155 پروازیں معطل ہوگئیں اور دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر فلائٹس کے انتظار میں ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں۔

ترجمان ایئرانڈیا نے میڈیا کو بتایا کہ سافٹ ویئر سسٹم کے 'چیک ان' میں خرابی پیدا ہوگئی ہے جسے معمول کے اپ ڈیٹس کے ذریعے دور کیا جا سکے گا تاہم اس عمل میں 6 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ کسی پرواز کو منسوخ نہیں کیا گیا تاہم پروازیں 8 گھنٹے کے لیے ملتوی کی گئی ہیں۔

دوسری جانب ایئرپورٹس پر پھنسے مسافروں نے ایئر انڈیا انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت پر سخت احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی، مسافروں نے عملے کے عدم تعاون کی شکایت کرتے ہوئے سہولیات کے فقدان کا شکوہ بھی کیا۔ ایئر انڈیا کی انتظامیہ کا کوئی بھی نمائندہ مسافروں کو مطمئن کرنے کے لیے دستیاب نہیں تھا۔