ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے نہ روکتا تو اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ آج موجود نہ ہوتا: ٹرمپ

ٹروتھ سوشل پر بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ کوئی اس بات کا اعتراف نہیں کرنا چاہتا، تاہم سب جانتے ہیں کہ یہ سچ ہے


ویب ڈیسک November 06, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میں ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے نہ روکتا تو آج اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ موجود نہ ہوتا۔

ٹروتھ سوشل پر بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کوئی اس بات کا اعتراف نہیں کرنا چاہتا، تاہم سب جانتے ہیں کہ یہ سچ ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ کی غیر مقبولیت اور اس کے باعث عالمی مہنگائی میں اضافے نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بھاری شکست میں اہم کردار ادا کیا۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی تسلیم کیا کہ ریپبلکنز کی انتخابی ناکامی کی ایک بڑی وجہ ایران کے ساتھ جنگ تھی۔

ٹروتھ سوشل پر ایک اور بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے موجودہ ڈپٹی چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر 9 نومبر 2026 سے چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

انہوں نے اسٹیفن ملر کو اپنا قابلِ اعتماد مشیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیف آف اسٹاف سوسی وائلز سیاسی امور کے شعبے میں ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

امریکی صدر نے سوسی وائلز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیف آف اسٹاف کے طور پر بہترین کام کیا ہے۔