گلشن معمار میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ناکام ملزم گرفتار اسلحہ برآمد

موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی،مقابلے کے دوران کاروباری مراکز بند ہوگئے


Staff Reporter August 22, 2013
علاقہ ڈی ایس پی خالد خان نے بتایا کہ علاقے میں انسداد پولیو مہم جاری تھی اور اس دوران رضاکاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

گلشن معمار میں پولیس نے انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ناکام بنادیا،فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتارکرلیا۔

اس کے5 ساتھی فرار ہوگئے، ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، ملزم کے قبضے سے پستول ، دستی بم اور موٹرسائیکل برآمدکرلی، ملزم اس سے قبل پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث رہا ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا، تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے میں پولیس نے انسداد پولیو ٹیم پر حملہ بروقت ناکام بنادیا ،علاقہ ڈی ایس پی خالد خان نے بتایا کہ علاقے میں انسداد پولیو مہم جاری تھی اور اس دوران رضاکاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔



دوپہر میں گلشن معمار کے علاقے بروہی گوٹھ میں رضاکار اپنے کام میں مصروف تھے،اس دوران پولیس بھی ان کے ہمراہ تھی کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی ، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم میر واحد ولد عبدالصمد کو گرفتار کرلیا ، دو طرفہ فائرنگ کے باعث علاقے میں بھگدڑ مچ گئی ، موقع پر موجود افراد نے محفوظ مقامات کی جانب دوڑ لگادی اور دکانیں و کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہوگئے ۔

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور وہ افغانستان میں تربیت حاصل کرکے متعدد وارداتوں میں حصہ لے چکا ہے ، اس سلسلے میں ایس ایچ او گلشن معمار جہانگیر مہر نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ ملزم کے 5 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جبکہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول ، ایک دستی بم اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ، ملزم اس سے قبل پولیس اہلکاروں کے قتل اور گڈاپ میں رینجرز پر دستی بموں سے حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں بھی ملوث رہ چکا ہے ، گلشن معمار پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں خلاف درج کرلیا ہے۔