اسمتھ نے بھی دل کی حسرتیں نکال دیں پہلی ٹیسٹ سنچری

اسٹیون اسمتھ کے 138 رنز کی بدولت آسٹریلیا نے اوول کی پہلی اننگز 492 رنز 9بنا کر ڈیکلیئرڈ کردی۔


Sports Desk August 23, 2013
انگلینڈ نے دوسرے دن کے اختتام تک بغیر وکٹ کھوئے32 رنز بنالیے۔ فوٹو: اے ایف پی

آخری ایشز ٹیسٹ میں اسٹیون اسمتھ نے بھی دل کی حسرتیں نکال ڈالیں، میزبان بولنگ اٹیک کا ڈٹ کر سامنا کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری بنالی۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز 492 رنز 9 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی، اسمتھ 138 رنز پر ناقابل شکست رہے، جیمز اینڈرسن نے 4 وکٹیں لیں، جواب میں انگلینڈ نے دوسرے دن کے اختتام تک بغیر وکٹ کھوئے32 رنز بنالیے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے اوول میں جاری پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز کا آغاز 307 رنز چار وکٹوں سے کیا، اس وقت اسٹیون اسمتھ 66 اور دوسرے اینڈ پر موجود پیٹرسڈل 18 رنز پر کھیل رہے تھے، سڈل زیادہ دیر اسمتھ کا ساتھ نہیں دے پائے اور صرف پانچ رنز مزید بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، نائب کپتان بریڈ ہیڈن نے جوناتھن ٹروٹ کی وکٹ بننے سے قبل 30 رنز جوڑے، ان کے ساتھ اسمتھ نے 65 رنز کی شراکت بنائی۔



422 رنز پر گرنے والی ساتویں وکٹ کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے جیمز فالکنر کی تھی جنھیں 23 رنز پر انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ووئکس نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنایا، فالکنر نے پوری قوت سے شاٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر ٹاپ ایج پر گیند فضا میں بلند ہوئی ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر سے دوڑتے ہوئے جوناتھن ٹروٹ نے شاندار کیچ اپنے ہاتھوں میں محفوظ کیا، مچل اسٹارک 13 رنز پر سوان کا شکار ثابت ہوئے، ریان ہیرس کا 33 رنز پر اینڈرسن نے اپنی ہی گیند پر ریٹرن کیچ تھاما۔ اسٹیون اسمتھ 138 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، انھوں نے اپنی اننگز کے دوران 2 چھکے اور 16 چوکے جڑے۔ جیمز اینڈرسن نے 4 جبکہ گریم اسمتھ نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 32 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کی وجہ سے دوسرے دن کے کھیل کا اختتام کردیا گیا، اس وقت کپتان الیسٹرکک 17 اور جوائے روٹ 13 رنز پر کھیل رہے تھے۔