ہانگ کانگ میں اسمبلی اکھاڑا بن گئی زخمی رکن اسٹریچر پر اسپتال منتقل

مجرموں کی بیرون ملک حوالگی سے متعلق قانون میں ترمیمی بل پر اراکین ایک دوسرے سے جھگڑ پڑے


ویب ڈیسک May 11, 2019
ہنگامہ آرائی کے دوران زخمی ہونے والے رکن اسمبلی کو اسٹریچر پر اسپتال لے جایا گیا۔ فوٹو : ٹویٹر

ہانگ کانگ کی اسمبلی میں اراکین ایک دوسرے سے گھتم گتھا ہوگئے جس کے باعث ایوان اکھاڑے میں تبدیل ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ کی اسمبلی میں مجرموں کی بیرون ملک حوالگی سے متعلق قانون میں ترمیمی بل پیش کیا گیا، متنازع ترمیمی بل کے باعث حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان لفظی گولہ باری ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

اجلاس کے دوران نے اراکین نے لاتوں گھونسوں اور کرسیوں کا آزادانہ استعمال کیا، ایک دوسرے پر مائیک پھینکے اور دھکم پیل کی، اس دوران اسپیکر اراکین کو خاموش رہنے اور اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کرتے رہے لیکن اراکین نے کان نہ دھرے۔

دھکم پیل سے خواتین سمیت متعدد اراکین زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد فراہم کردی گئی جب کہ ایک رکن کو زیادہ زخمی ہونے کے باعث اسٹریچر پر اسپتال لےجانا پڑا، جہاں ان کی مرہم پٹی کر کے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کے دوران کے اجلاس کو ملتوی کر دیا۔

مقبول خبریں