لیاری سے نقل مکانی کرنیوالے500 خاندان آج کراچی واپس آئینگے

بزرگوں کی مشاورت کے بعد واپسی کا فیصلہ کیا، حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے، اختر کچھی


Staff Reporter August 25, 2013
لیاری گینگ نے حملے کیے تو بھرپور دفاع کرینگے، حالات کی خرابی کی ذمے دار حکومت ہوگی۔ فوٹو: فائل

لیاری میں گینگ وار کے حملوں کے سبب نقل مکانی کرنے والے کچھی سندھی برادری کے سیکڑوں خاندانوں کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

آج (اتوار کو)500سے زائدخاندان قافلوں کی صورت میں کراچی پہنچیں گے،اس حوالے سے رابطہ کرنے پرکچھی رابطہ کمیٹی کے مرکزی رہنمااختر کچھی نے ایکسپریس کو بتایاکہ لیاری میں گینگ وارکے دہشت گردوں کے حملوں سے تنگ آکرتقریباً 30سے 40ہزارافراد جن میں خواتین ،بچے ،بوڑھے اورمرد شامل تھے،انھوں نے لیاری سے2ماہ قبل نقل مکانی کی تھی اورکچھی سندھی برادری کے یہ خاندان ٹھٹھہ،بدین اور اندرون سندھ کے دیگرعلاقوں میں منتقل ہوگئے تھے، انھوںنے کہاکہ ہم2ماہ سے حکومت سے اپیل کررہے ہیں کہ لیاری کے حالات کوبہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اورلیاری میں مستقل بنیادوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چوکیاں قائم کی جائیں لیکن اب تک حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔



کچھی رابطہ کمیٹی نے اپنے بزرگوں سے مشاورت کے بعدیہ فیصلہ کیاہے کہ جن خاندانوں نے نقل مکانی کی ہے ان کو دوبارہ اپنی مددآپ کے تحت گھروں میں آبادکیا جائے گااوراسی فیصلے کے تحت بدین سے سیکڑوں خاندانوں پر مشتمل تین سے چارہزار افرادقافلوں کی صورت میں واپس ہفتے کوکراچی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں،یہ تمام خاندان ہفتے کی شب ٹھٹھہ کے قریب بھنبورمیں قیام کریںگے اورآج (اتوار جو)دوپہر تک کراچی پہنچ جائیں گے۔انھوں نے واضح کیا کہ اگرگینگ وار کی جانب سے کچھی برادری پر حملے کیے گئے توہم اپنابھرپوردفاع کریں گے اور حالات کی خرابی کی ذمے دارحکومت ہوگی۔کچھی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں جلسوں کا بھی اعلان کیا ہے۔