جعلی اکاؤنٹس کیس؛ آصف زرداری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع

ویب ڈیسک  بدھ 15 مئ 2019
نئے نئے طلبی کے نوٹسز آرہے ہیں، فاروق ایچ نائیک  فوٹو: فائل

نئے نئے طلبی کے نوٹسز آرہے ہیں، فاروق ایچ نائیک فوٹو: فائل

 اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی جب کہ مزید 2 میں ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

جسٹس عامر فاروق اور محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سابق صدر آصف زرداری کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر وکیل آصف زرداری فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ نئے نئے طلبی کے نوٹسز آرہے ہیں جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ یہ تو لگتا ہے طلبیوں اور ضمانتوں کا سیلاب آرہا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ مقدمات بہت زیادہ ہو گئے ہیں ان کی مکمل فہرست تیار کی جائے اور تمام درخواستوں کو ترتیب دیا جائے، جسٹس عامر فاروق نے نیب سے استفسار کیا کہ ضمانت کی نئی درخواستوں پر جواب کے لئے نیب کو کتنا وقت چاہئے۔  نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ ہر آئے روز یہ نئی درخواست لے آتے ہیں، پرانی ضمانت کی درخواستوں پر عدالت پہلے فیصلہ سنائے جب کہ جن درخواستوں پر ہمارا جواب آچکا ہے ان پر فیصلہ سنایا جائے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی جب کہ مزید 2 کیسز میں ضمانت منظور کرلی گئی، عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں 29 مئی، ہریش کمپنی کیس میں 30 مئی، اوپل 225 انکوائری میں 11 جون، پارک لین کیس میں 12 جون، مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں 18 جون جب کہ بلٹ پروف گاڑیوں اور توشہ خانہ تحائف کے کیس میں 20 جون تک توسیع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔