کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے نائب امیر مولانا عبد الرحمٰن مکی گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 15 مئ 2019
مولانا عبدالرحمٰن مکی کو نقص امن عامہ کے تحت گرفتار کیا گیا، ذرائع۔ فوٹو : فائل

مولانا عبدالرحمٰن مکی کو نقص امن عامہ کے تحت گرفتار کیا گیا، ذرائع۔ فوٹو : فائل

 لاہور: کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے نائب امیر مولانا عبد الرحمٰن مکی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیاگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم فلاح انسانیت اور جماعت الدعوہ کے نائب امیر مولانا عبدالرحمٰن مکی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیاگیا ہے، عبدالرحمٰن مکی پر کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے متعلق اشتعال انگیز تقریریں کرنے کاالزام ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا عبدالرحمٰن مکی کی نقص امن عامہ کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی، مولانا عبد الرحمٰن مکی نے گزشتہ دنوں گوجرانوالہ میں کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر تقریر کی تھی، اس کے علاوہ مولانا مکی نے عوام سے اپنی تنظیم فلاح انسانیت کے نام پر چندے کے اپیل بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ملک بھر میں تنظیم کی مساجد، مدارس اور اسپتالوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔