مارکیٹ سے زائد قیمت پر ڈالر فروخت کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 15 مئ 2019
اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر بھی غور کیا گیا فوٹو: فائل

اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر بھی غور کیا گیا فوٹو: فائل

 اسلام آباد: حکومت نے مارکیٹ سے زائد قدر میں ڈالر فروخت کرنیوالی ایکسچینج کمپنیوں کیخلاف  کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

روپے کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر اسٹیٹ بینک، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی آئی بی کے علاوہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا وفد بھی شریک ہوا۔ اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف مجوزہ کارروائی پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کی مارکیٹ قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے جبکہ قیمت فروخت 144 روپے ہے، اسی طرح سعودی ریال کی قیمت خرید 38 روپے 20 پیسے جبکہ قیمت گروخت 38 روپے 35 پیسے ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: روپے کے مقابلے میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طے شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، مارکیٹ سے زائد ڈالر فروخت کرنے والی ایکس چینج کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔