اداروں کی نااہلی کا یہ مطلب نہیں ہر معاملہ عدالت لے آئیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

ویب ڈیسک  جمعـء 17 مئ 2019
قیمتوں کا تعین کرنا عدالتوں کا کام نہیں، جن کا کام ہے انہیں کرنے دیں، جسٹس محسن اختر کیانی فوٹو:فائل

قیمتوں کا تعین کرنا عدالتوں کا کام نہیں، جن کا کام ہے انہیں کرنے دیں، جسٹس محسن اختر کیانی فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت میں کہا کہ اداروں کی نااہلی کا یہ مطلب نہیں ہر معاملہ عدالت لے آئیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی تو ہائیکورٹ نے درخواست گزار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا آپ نے عدالت آنے سے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ قیمتوں کا تعین کرنا عدالتوں کا کام نہیں، جن کا کام ہے انہیں اپنا کام کرنے دیں، قیمتوں کا تعین ہمارا نہیں بلکہ اداروں کا کام ہے، ان کی نااہلی کا یہ مطلب نہیں ہر معاملہ عدالت لے آئیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا کہ یہ بتائیں اوگرا آرڈیننس کے تحت قیمتوں کا تعین کون کرتا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اوگرا آرڈیننس موجود نہیں۔ وکیل کے جواب پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کاغذات ہیں نہیں اور منہ اٹھا کر عدالت آجاتے ہیں۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔